Loading Now

دہشتگردوں سے ڈائیلاگ نہیں ہوگا، بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ شہدا کا لہو  رائیگاں نہیں جانے دیں گے، بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، دہشت گردوں سے رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دہشت گردوں اور  پاکستان دشمنوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوگا۔

کوئٹہ میں  وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر،  نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، گورنر جعفر مندوخیل، وفاقی وزرا احسن اقبال، محسن نقوی، عطااللہ تارڑ  اور جام کمال خان  بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان اور  سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعدگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، دہشت گردوں کا صفایا کریں گے، جو  پاکستان کے آئین اور  جھنڈے کو  مانتے ہیں ان سے مذاکرات کی ضرورت ہے، دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک کا منصوبہ چلے اور  بلوچستان میں ترقی ہو۔

 وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر میں دھرنے دیے جارہے ہیں اور حملے کیے جارہے ہیں،کیا ان کوخوش حالی کی فکر ہے؟ ملک دشمن عناصر سی پیک اور پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعظم نےکہا کہ  بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصوررت صوبہ ہے، دہشت گرد تنظیموں اور گھس  بیٹھیوں نے ناپاک اسکیم بنائی تھی، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائےگا، اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ آرمی چیف کی قیادت میں اس مرحلے کو عبورکریں گے، دہشت گردی نے2018 کے بعد سر اٹھایا ہے اس کا سرکچلا جائےگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے جو قربانیاں دیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کی ترقی کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیاجائےگا۔

You May Have Missed