Loading Now

صدر مملکت کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیت ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کر دیا۔قومی ہیرو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام باد میں ہوئی۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں صدر نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا اور ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثرکیا۔صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دی جانی چاہیے، سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔صدر نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔دوسری جانب ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو کے مقابلے میں 92 اعشاریہ 97 میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا تھا۔